ابنا: اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے اقتصادی مرکز ممبئی میں شیعہ اور دیگر فرقوں کے علمائے کرام اور دانشوروں نے گزشتہ روز منعقد ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ پاکستان میں شیعہ فرقے کے خلاف جاری دہشت گردی کے تدارک کے لئے حکومت ہندوستان اقوام متحدہ کے ذریعہ مناسب کارروائي کرے۔ان شخصیات نے پاکستان میں شیعوں اور دیگر اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔معروف عالم دین اور شہر کی خوجہ جامع مسجد کے امام جمعہ مولانا سید احمد عابدی نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ فرقے کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا گيا ہے جو عالم اسلام کے لئے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔خوجہ جامع مسجد کے امام جماعت مولانا روح ظفر نے کہا کہ اس میں کوئي شک نہیں کہ عالم اسلام ایک بین الاقوامی اسلام دشمن سازش کا شکار ہے اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو مسلک کے نام پر تقسیم کرنے اور ایک دوسرے کا قتل کرنے کی سازش رچی جارہی ہے۔اس موقع پر آل انڈیا علما کونسل کے جنرل سیکریٹری اور عالم اہل سنت مولانا محمود دریا آبادی نے کہا کہ پاکستان میں اس دہشت گردی کی ذمہ داری، جس میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے، علما کے اس طبقے پر ہے جو دین کی بنیادوں سے ہٹ کر مسلکی اختلافات کو بنیاد بنا رہے ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی عالمی سازش کو تقویت پہنچا رہے ہیں۔پریس کانفرنس میں عیسائي رہنما نے کہا کہ حکومت پاکستان ، پاکستانی اقلیت کے تحفظ میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اس لئے عالمی برادری کو پاکستان پر دباؤ ڈالنا چاہئے کہ وہ اپنی اقلیت کا تحفظ کرے۔
26 فروری 2013 - 20:30
News ID: 395225
ہندوستان کے علمائے کرام اور دانشوروں نے حکومت ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں شیعوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کے ذریعہ کارروائي کی جائے۔